طیارہ 30000 فٹ کی بلندی پر انتہائی تیز رفتاری سے اپنی منزل کی جانب رواں دواں تھا مگر دل و دماغ کی اتھاہ گہرائیوں میں وقت جیسے تھم سا گیا ہو۔ وقت بھی عجیب چیز ہے، ہر انسان کی زندگی میں مختلف اوقات میں مختلف طرزِ رفتار اپنالیتا ہے۔ انسان کی زندگی میں جب خوشیوں کا بسیرا ہو تو کئی برسوں کو یہی وقت چند گھڑیوں کے برابر کر دیتا ہے اور دکھ و تکلیف کی چند گھڑیاں اسی وقت کی بدولت کئی سال برابر ہو جاتیں ہیں۔ یہاں باہرمطلع صاف تھا اور آج آسمان پر بہت ہی کم بادل نظر آ رہے تھے مگر دل کا موسم انتہائی ابر آلود اور آنکھوں سے آنسوں کی برسات جاری تھی اور کچھ ایسا ہی حال میرے ساتھ والی نشست پر براجمان مسافر کا تھا جو وقفے وقفے سے آنسو پر قابو پانے کی ناکام کوشش کررہاتھا دریافت کرنے پر معلوم ہوا کہ آج اس کا بھی کوئی عزیز چل بسا ہے جس کے جنازے پر جانے کے لئے وہ اپنے وطن کی جانب محو سفر تھا، بظاہر تو ہم دونوں اجنبی تھے مگر آج تک میں کسی اجنبی کے حساسات سے اس قدر آشنا نا ہوا تھا جتنا آج ہو رہا تھا، شاید اسی لئے کہا جاتا ہے کہ غم کا رشتہ سب سے بڑا رشتہ ہوتا ہے۔ ہم دونوں آج ایک ہی '' دکھ '' کے رشتے میں بندھے دو الگ الگ مقامات کی طرف محو سفر تھے۔ سفر، اس لئے کہ ہم دونوں پردیس میں تھے جب ہمیں یہ اطلاعات ملیں کہ ہمارا کوئی اپنا اس جہاں ِ فانی سے کُوچ کرگیا ہے۔ کُوچ تو سب کو ایک نا ایک دن کرنا ہی ہوتا ہے یہ سفر جسمانی ہو یا روحانی کُوچ کرنا تو طے ہے۔
میں سوچ رہا تھا کہ ہم پردیسیوں کی زندگی بھی کتنی عجیب ہوتی ہے۔ گھر سے رخصت ہونے سے قبل جن پیاروں کو ہنستا بستا چھوڑ کر جاتے ہیں ضروری نہیں ہوتا کہ ہم واپسی پر انہیں دوبارہ اُسی حالت میں مل بھی سکیں گے، کچھ بھی انسان کے اختیار میں نہیں، بلکہ اس دنیا کی طرح پردیس میں بھی انسان کا آنا اور واپس جانا، کسی اور کے اختیا ر میں ہی ہوتا ہے اور اُسی اختیار کے مالک کو ہی ہم قادرِ مطلق خُدا کہتے ہیں۔
دن کا اجالا شام کی سیاہی میں تبدیل ہوتا جا رہا تھا۔دو ر افق سے سنہرا سورج خراما ں خراماں زمین کی اوٹ میں گم ہو چکا تھا۔ انسان کی زندگی بھی اسی سورج کی طرح ہے جو مشرق سے ابھرتا ہے اور ایک مخصوص راستے پر اپنا سفر طے کر کہ بالآخر شام ڈھلتے ہی منزل کو چھو لیتا ہے۔ خیالوں اور یادوں کے اس کربناک سلسلے کے ساتھ ساتھ میرا سفر بھی سمٹتا ہوا اسلام آباد کے ہوائی اڈے تک پہنچ چکا تھا، وعدے کے مطابق تو جب مجھے پاکستان آنا تھا تو بابا کو ایئرپورٹ پر موجود ہونا چاہئے تھا مگرمیں اس حال میں ان سے ملنے جا رہا تھا کہ انہیں ائیرپورٹ نہ آنے کا شکوہ بھی نہیں کر سکتا تھا۔ انسان بھی کتنا بے بس ہے جو ساری منصوبہ بندی، وعدے کر کہ بیٹھا ہوتا ہے مگر اسے اگلے لمحے کی بھی خبر نہیں ہوتی۔ میرے بابا بھی اس وعدے کو وفا کرنے سے پہلے دنیا سے رخصت ہوگئے۔لیکن بہر حال زندگی اور موت کے فیصلوں میں انسان کا اختیار نہیں چلتا بلکہ پروردگار عالم کی مشیت کارفرماہوتی ہے،اسی کے بنائے ہوئے نظام کے مطابق یہ دنیا چل رہی ہے اور اسی کی حکمت سے کارہائے جہاں انجام پاتے ہیں۔قرآن کریم میں اللہ تعالی فرمایا:”اورجب کسی کا معین وقت آجائے گا تو اللہ اُسے ہر گزمہلت نہیں دے گا،اور جو کچھ تم کرتے ہو،اللہ اُس سے پوری طرح باخبرہے۔“
اسلام آباد ائیرپورٹ سے بغیر کسی توقف کے اپنے کزنز کے ہمراہ گاؤں کا سفر شروع کر دیا۔ جن راستوں پر بابا کے ساتھ درجنوں سفر کئے تھے آج ان پر میں تھا اور ان کی یادوں و باتوں کا لامتناہی سلسلہ۔ مجھے یاد آ رہا تھا کہ جب میں دبئی آنے کی تیاری کر رہا تھا تو ایک روز بابانے ہم دونوں بھائیوں کو اپنے پاس بلایا اور میری اہلیہ کو کہا کہ ہماری تصویر اتارو۔ شاید انہیں یہ محسوس ہو رہا ہو گا کہ یہ موقع دوبارہ میسر نہ آ سکے گا کیونکہ یہ بھی قادر مطلق کی قدرت کا کمال ہے کہ کبھی کبھی وہ اپنے بندے کے دل میں آنے والے واقعات کا خیال ڈال دیتا ہے۔
اگر آپ نے کبھی مری سے کوہالہ کی جانب سفر کیا ہو تو راستے میں علیوٹ کی خوبصورت وادی سے گزر ہوتا ہے۔ہماری گاڑی رات کے تیسرے پہر وہاں سے گزر ی تو ماضی کے اوراق مجھے ایک بار پھر 2017 کے ابتدائی مہینوں میں لے گئے جب ایک شام مظفر آباد سے اسلام آباد واپسی کے دوران شدید برف باری کی وجہ سے کئی گھنٹوں تک ہمیں علیوٹ سے ذرا آگے گھنے جنگل میں رکنا پڑا تھا۔ اس کے باوجود کہ گاڑی کے اندر سردی کی شدت کم تھی مگر بابا کے جسم پر اسکا گہرا اثر ہوا تھا۔ چند ہی دنوں بعد ان کے ٹانگ میں خون کے لوٹھڑے بننا شروع ہو گئے تھے اور ایک صبح دل کا شدید دورہ پڑنے کی وجہ سے وہ زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہو گئے تھے۔ مجھے یاد ہے کہ جب راولپنڈی کے ایک ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں ڈاکٹرز نے ہم بھائیوں کو بلا کر کہا تھا کہ یہ بروقت ہسپتال پہنچ تو آئے ہیں مگر آپ ان کے لئے دعا کریں، کیوں کہ ان کے بچنے کے صرف چالیس فیصد امکانات ہیں۔ اگر آپ میں سے کوئی ایسے لمحے سے گزرا ہے تو اسے ضرور احساس ہو گا کہ ایسے وقت میں انسان کی کیا حالت ہوتی ہے۔ مگر کہا جاتا ہے کہ جو اللہ پر توکل، بھروسہ اور یقین کر کہ دعا کے لئے ہاتھ اٹھاتا ہے وہ سرخرو ہوتا ہے۔ اللہ نے اس شدید مشکل وقت سے بابا کو نکالا اور اس کے بعد تادم آخر کسی موڑ پر بھی ایسی صورتِ حال پیش نہ آئی کہ مرض جان لیوا ثابت ہوتا۔
صبح کی پو پھٹتی جا رہی تھی، گاڑی کے شیشوں سے باہر کھیت کھلیان اور درخت نظر آنا شروع ہو گئے تھے۔ نماز فجر کے لئے ہم ایک مسجد کے پاس رک گئے۔ باہر ٹھندی ہوا کے جھونکوں کے ساتھ پرندوں کی چہچاہٹ نے ماحول کو اپنے سحر میں لیا ہوا تھا۔کشمیر کے ان مناظر کو دیکھ کر میرے ذہن کے پردے پر ایک بار پھر ماضی کی بے شمار یادیں نمودارہو رہی تھیں۔ بابا جب کشمیر میں ہوتے تو انٹرنیٹ کی عدم دستیابی کی وجہ سے کال پر کم ہی بات ہوتی تھی مگر جب وہ اسلام آباد میں ہوں توہماری ویڈیو کال پر تقریبا ہر روز ہی بات ہوتی تھی۔ ان کی وفات سے ایک روز قبل جب میں نے کال کی تووہ ہلکی غنودگی کے عالم میں تھے ایسے میں ان سے زیادہ بات نہ ہو پارہی تھی۔اسی روز شاید انکا ایک دانت بھی گر گیا تھا تو مجھے تسلی دینے کے لئے کہنے لگے کہ آج دانت گر گیا ہے اس لئے بات نہیں ہو پا رہی۔ جب انہیں ہسپتال لے جایا گیا تو ڈاکٹرز کے مطابق ان کا یوریا لیول ہائی ہونے کی وجہ سے وہ غنودگی میں تھے۔ مگر ڈاکٹرز کی رپورٹس اپنی جگہ ،حقیقت تو یہ تھی کہ وہ موت کی وادی کی جانب انکے طویل سفر کی شروعات تھی، ایک ایسا سفر جسکا کوئی اختتام نہیں ، یہ اس فانی دنیا سے قبر اور حشر کے میدان سے آگے ایک نا ختم ہونے والی زندگی کی طرف لے جاتا ہے۔ ڈاکٹرز کی رپورٹ ان سے مخفی ہی رکھی گئی تھی مگر احباب کا شیرازہ بکھرا بکھرا اور چہروں کی رنگت اڑی اڑی دیکھ کر انہیں اندازہ ہو چلا تھا کہ بساط الٹنے والی ہے۔ اسی وجہ سے جب کہیں وہ ہوش میں آتے تو میرے بھائی کو تو کبھی میری اہلیہ کو وصیت کرتے اور کبھی میری والدہ سے بات کرنے کی کوشش کرتے۔ میری والدہ نے بھی بابا کی بیماری میں جس جوانمردی کا مظاہرہ کیا اس کا سوچنا بھی محال ہے۔ انہوں نے اپنی جیون ساتھی کا ٓخری دم تک ایسے ساتھ نبھایاکہ بابا کی سانسیں بھی جب جسم سے پرواز کر رہی تھی تو انکا ہاتھ والدہ کے ہاتھ میں تھا۔
جوں جوں گھر قریب آتا جا رہا تھا میرے پاؤں من من کے ہو رہے تھے اور صبر ٹوٹ رہا تھا۔ ایک سال قبل اسی گھر میں جب میں نے بابا کوالوداع کہا تھا اور وہ دور تک مجھے دیکھتے رہے تھے۔ آج وہ اسی گھر میں اس شان بے نیازی سے آرام فرما تھے کہ کسی آنے جانے والے کی فکر ہی نہ تھی۔ گھر پہنچا تو سامنے بابا کا جنازہ دیکھ کر دل کی دنیا ہی لٹنے لگی تھی۔ میں نے جیسے ہی ان کے چہرے سے چادر ہٹائی،لگا، دل کو سکون میسر آ گیا ہو۔ ہشاش بشاش چہرے پر مجھے علم کے صدقہ جاریہ کا نور صاف نظر آ رہا تھا۔ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے ارشاد پاک کا مفہوم ہے کہ مرنے کے بعد انسان کے اعمال کے بدلے کا سلسلہ فورا ختم ہو جاتا ہے، البتہ ایسے علم کا عمل جس سے بنی نوع انسان فائدہ حاصل کرتے رہیں۔اسکا بدلہ (ثواب) جاری رہتا ہے۔
2021کے ماہ دسمبر کی بات ہے جب ہلکے بخار اور کھانسی کی وجہ سے بابا کو ڈاکٹر کے پاس لے گئے تو معلوم ہوا کہ ان کے دونوں گردے فیل ہو چکے ہیں حالانکہ اس وقت تک ان کے چلنے پھرنے کی سکت نارمل تھی اور جسمانی طور پر کہیں بھی محسوس نہیں ہو رہا تھا کہ وہ ایسے مرض کا شکار ہو چکے ہیں۔ ابتداء میں ادویات کے ساتھ انکا علاج جاری رہا اور اسی دوران وہ اسلام آباد سے کشمیر کا سفر بھی کرتے رہے اور چہل قدمی بھی۔ مگر 2022 کے وسط سے ڈاکٹر زنے انہیں ڈائیلسزپر منتقل کرنے کا مشورہ دیا جسے ماننے کے علاوہ ہمارے پاس کوئی دوسراراستہ نہ تھا۔ روز بروز جسمانی سکت کم ہوتی گئی اور وہ نقاہت کا شکار ہونے لگے۔ اسی بیماری سے لڑتے لڑتے 5 ستمبر 2023 کو وہ خالق حقیقی سے جا ملے۔
آج بابا کو ہم سے بچھڑے 50 دن ہو گئے ہیں۔ میں واپس دبئی میں اپنے کام میں مصروف ہو چکا ہوں ایسے ہی خاندان کے دیگر افراد بھی زندگی کی سفر میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ مگر ان کی یادیں اور ان کی جدائی کا درد پہلے دن کی طرح تازہ ہے۔ آج بھی میرا دل نوحہ کناں ہے، آج بھی اشک اور آہیں تنہائی کے لمحوں میں صبرو استقامت کے بندھ توڑ کر بہہ نکلتے ہیں۔آج بھی ویڈیو کال پر ان سے کی گئی آخری گفتگو میرے کانوں میں گونج اٹھتی ہیں۔آج بھی ان کا عکس میر ی تر آنکھوں کے سامنے آجاتا ہے۔اور آج بھی مجھے ان کی یاد خوب رلاتی ہے۔
بابا اکثر بتایا کرتے تھے کہ وہ اپنی پیدائش کے چند دنوں بعد ہی یتیمی کے امتحان میں مبتلا ہو گئے تھے۔ میرے دادا کی وفات کے بعد انہوں نے اپنے ماموں کے گھر سیری پیراں ضلع باغ میں پرورش پائی اور وہیں میری دادی کا انتقال بھی ہوا۔یہی وجہ ہے کہ انہیں ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے لئے بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا مگر انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور اپنے دور میں سکول و کالج کے بہترین طالب علم رہے۔دریں اثنا انھوں نے پیشہ معلمی اپنایا اور قوم کے نونہالوں کو زیور ِتعلیم سے آراستہ کرنے میں مگن ہو گئے۔اسی دوران انہوں نے اپنی آبائی زمینوں پر واپس آنے کا فیصلہ کیا اور نکر فتوٹ ضلع مظفرآباد کشمیرمیں تشریف لائے۔ جہاں آج ان کی مرقد مبارک ہے۔
انہیں اپنی جائے پیدائش سے تا عمر بہت محبت رہی۔ وہ ہر چند ماہ بعد وہاں ضرور جاتے تھے۔ شاید ہمارے دادا اور دادی کی قبریں بھی وہیں تھیں جن کی کشش انہیں کھینچ لے جاتی ہو گی۔ بیماری کے دوران بھی مجھے کہا کرتے تھے کہ تم پاکستان آؤ گے تو ہم سیری پیراں جائیں گے۔
بابا فقط ایک ماہر تعلیم ہی نہیں،ایک شخصیت، ایک اثاثہ، ایک ادارہ تھے۔ ایسا اثاثہ جو صرف اپنی اولاد، عزیز و اقارب کے لیے ہی سرمایہ نہ تھا، بلکہ ایک عالم کے لیے گراں قدر متاع تھا۔ ان کی شخصیت کے کئی پہلو ہیں۔ اس مختصر ٹکڑے میں تمام پہلوؤں کا احاطہ ممکن نہیں، تاہم کچھ باتوں کا ذکر کیے دیتا ہوں۔ یہ واضح کرتا چلوں کہ ان کے اوصاف ایک بیٹے کے طور پر نہیں، ایک ایسے شخص کے طور پر لکھ رہا ہوں جس نے انکی نشست و برخاست و سفر و حضر کا مشاہدہ کیا۔ والد صاحب قبلہ کی شخصیت کا سب سے نمایاں پہلو ان کی انسان دوستی اور سماجی وابستگی تھی۔ وہ ہر ایک کے دوست، ہر ایک کے غم گسار تھے۔ وہ دوستیاں بنانے اور تعلق نبھانے پر یقین رکھتے تھے۔ میں نے ہوش سنبھالا تو انہیں اپنے دوستوں کے جھرمٹ میں گھرا پایا۔ جو دوست اس وقت ان کے ساتھ تھے، وہ زندگی کی آخری سانس تک ساتھ رہے۔ وہ بتاتے تھے کہ فلاں دوست سے میرا تعلق پنتالیس برس پُرانا ہے اور فلاں صاحب سے رفاقت کو تیس برس سے زائد ہو چکے ہیں۔ میں نے ان کے دوستوں کے حلقے کو وسیع سے وسیع تر ہوتے دیکھا۔ ان کے حلقہِ احباب میں بلاتفریق لوگ شامل تھے۔ جہاں ایک طرف ان کے ماتحت رہنے والے ملازمین سے بھی انکا تعلق دوستوں اور بھائیوں کی طرح تھا وہاں محکمہ تعلیم سمیت دیگے شعبہ جات، بشمول سیاسی و سماجی شخصیات سے انکا تعلق یکساں تھا۔وہ اپنے حلقہِ احباب کی جان ہوا کرتے تھے۔ وہ جس محفل میں ہوتے، وہاں ہر شخص کی توجہ کا مرکز ہوتے۔ اس کی وجہ ان کی تواضع، وضع داری، دیانت داری، انکساری، خوش مزاجی اور بندہ پروری تھی۔ مجھے ذاتی طور پر انکی دو عادات بے حد پسند تھیں، ایک تو وہ مہمان نواز ی میں کوئی کسرنہ چھوڑتے تھے اور دوسرا غصہ کبھی ان کے پاس بھی نہ بھٹکتا تھا۔ عزیز و اقارب سمیت ان کے رفقاء میں شاید ہی کوئی ایسا ہو جس نے کبھی انہیں کسی پر غصہ کرتے ہوئے دیکھا ہو۔ ان کے زندگی کی 42 بہاریں بچوں کو پڑھانے میں گزریں مگر ہزاروں طلبہ شاہد ہیں کہ وہ اپنے طالب علموں کو بھی آپ اور صاحب کہہ کر پُکارتے تھے۔ ان کی سروس کا ایک بڑا حصہ خواتین کے ادارے میں گزرا۔ ان کے جنازے پر انکی طالبات کا ایک ہجوم اشک بار تھا۔ انکی سیرت و کردار کا ثمر ہی تھا کہ ان کی نمازِ جنازہ میں تِل دھرنے کو جگہ نہ تھی۔ بہت سے لوگ مختلف مسائل کی وجہ سے شرکت نہ کر سکے تو جنازے کے بعد تعزیت کے لیے آنے والوں کا تانتا بندھا رہا۔ چشمِ فلک نے یہ منظر بارہا دیکھا کہ ان کی وفات پر تعزیت کے لیے آنے والوں کے چہرے اشکوں سے تر رہے اور ہم اہل خاندان ان کی دھاڑس بندھاتے رہے۔ دیکھنے والوں کو گمان ہوتا کہ شاید آنے والے کا کوئی عزیز دنیا سے رخصت ہوا ہے اور یہ لوگ انہیں حوصلہ دے رہے ہیں۔
اپنے کام اور شعبہ تعلیم سے انہیں عشق تھا۔انکی سادگی، عجز و انکساری اور اپنے کام کے ساتھ ایمانداری کا ہی نتیجہ تھا کہ اکتوبر2004ء میں حکومت پاکستان نے ملک بھر سے 30 اساتذہ کو دوران سروس بہترین خدمات کے اعتراف میں گولڈ میڈل اور ایوارڈ برائے حسن کارکردگی دینے کے لئے منتخب کیا۔ وہ کہا کرتے تھے کہ جب وزیراعظم پاکستان سے ایوارڈ کے لئے انکا نام سید فیاض گیلانی پکارا گیا تو وہ دل میں سوچ رہے تھے کہ اے خدا تیری شان کے صدقے، کہاں ایک گاؤں کے سکول کا سرکاری استاد اور کہاں وزیراعظم پاکستان کے ہاتھوں عزت افزائی۔ انہوں نے اس وقت کے وزیراعظم جناب شوکت عزیز سے یہ گولڈ میڈل وصول کیا اور تین دن تک ان کے مہمان خاص کے طور پر مقیم رہے۔ بعد ازاں وزیراعظم پاکستان نے اپنے خصوصی وفد کے ساتھ انہیں عمرے کی سعادت کے لئے بھیجا۔ سرکار ﷺ کے روضے پر حاضری کی یادیں ان کے دل پر نقش رہتیں۔ کعبتہ اللہ کی باتیں بتایا کرتے۔ وہ سفر ان کی زندگی کی بہت بڑی خواہش تھی جو ربِ کریم نے اپنے بے پایاں فضل سے بڑے اعزاز کے ساتھ پوری کی۔
بزرگانِ دین سے بہت عقیدت رکھتے تھے۔دبئی کے سفر سے قبل مجھے یہ اعزاز حاصل ہے کہ حضور قبلہ مہر علی شاہ رحمتہ اللہ علیہ کے مزاراقدس کی حاضری بابا کے ہمراہ نصیب ہوئی۔ وہاں جا کر ان کی کیفیت عجب ہو جاتی تھی۔ بزرگان دین سے محبت ہی کا حاصل ہے کہ وقت رخصت انکے پاس کے پاس قرآن مجید،کلمہ طیبہ، درود شریف اور دیگر مسنون اذکار کا ورد جاری رہا اور بعداز وفات لوگوں نے جتنے تحائف پیش کئے انکا تصور کرنا بھی محال ہے۔
ایسی کئی یادیں اور باتیں ہیں جو میری زندگی کا سرمایہ ر ہیں گی۔ ان کے ساتھ گزرا ہر لمحہ متاعِ حیات ہے۔ انہوں نے مجھے بہت کچھ سکھایا۔ ہمیشہ اخلاقیات کا درس دیتے تھے۔ قناعت کی انہیں کوئی کمی نہیں تھی۔ مجھے یہ سبق بھی ان سے ہی ملاکہ اپنے شدید ترین مخالف کی بھی عزت کرو۔ یہی وجہ ہے کہ میدان سیاست میں میرے حریف بھی میرے ساتھ دوستوں اور بھائیوں کی طرح ہیں۔
مجھے یہ تحریر لکھتے ہوئے ایسے بہت سے اشعار یاد آ رہے ہیں جو ایسے موقع پر لکھے جاتے ہیں۔ مگر میں نے دانستہ طور پر یہاں ایک بھی شعر نہیں لکھا۔ میرے بابا مجھ سے جدا ہوئے ہی کب ہیں۔ وہ ہر وقت میرے ساتھ ہیں۔ میں گھر تھا تو قریہ قریہ مجھے ان کی یاد دلاتا تھا۔ دبئی میں ہوں تو فون کی ہر گھنٹی ان کا احساس دلاتی ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ وہ تو بھولتے ہی نہیں۔ یہ نظامِ الہٰی ہے کہ بس کچھ دیر کے لیے وہ وہیں چلے گئے، جہاں سے آئے تھے، اور ہم بھی کچھ روز بعد وہیں جائیں گے، جہاں وہ ہیں۔ یہی اللہ کی رضا ہے۔ جس میں راضی رہنے کا حکم اللہ نے دیا ہے۔
اگر حسن سیرت و حسنِ صورت سے مالا مال کوئی تصویر بن سکتی تو یہ میرے والد کی تصویر بنتی۔مگر میں اس ہشت پہلو شخص کی،اس ست رنگے شخص کی تصویر آپ کو دکھاؤں کیسے؟ میرے پاس بیان کرنے کوبتانے کو ان کی شخصیت کے اتنے رنگ ہیں کہ میرے ہاتھوں میں بکھر جاتے ہیں، میرے پاس جگمگاتی یادیں ہیں، جو میرے دل کے زخم کو ہرآن ہرا کرتی ہیں۔ سو سمجھ میں نہیں آتا کہ اپنے دکھ و اذیت کو بیان کروں یا پھر اس کی شخصیت کے رنگوں کو۔کیا آپ نے حدِ کمال تک کسی کو دیکھا ہے؟ کمال جب اوج پر پہنچے تو پھر جمال میں ڈھلتا ہے۔۔۔وہ حدِ کمال سے جمال کو پہنچا شخص میرا باپ تھا۔ میرا فخر تھا۔۔